''شادی کے فوری بعد غلطی کا احساس ہو گیا تھا،پھر بھی اس رشتے کو 4 سال نبھایا" پاکستانی اداکارہ مایا خان کا انکشاف
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) نامور ٹی وی میزبان اور اداکارہ مایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شادی کے فوراً بعد ہی اپنی غلطی کا احساس ہوگیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے 4 سال تک اس رشتے کو نبھایا۔
"ایکسپریس نیوز "کے مطابق مایا خان نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد انہیں شدید ڈپریشن اور انزائٹی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ شوہر کی جانب سے تشدد اور دیگر مسائل تھے۔انہوں نے کہا کہ بہتر ذہنی صحت ہر فرد کا حق ہے، لیکن بدقسمتی سے معاشرے میں ڈپریشن اور انزائٹی کو سنجیدہ مسئلہ نہیں سمجھا جاتا حالانکہ یہ ایک بیماری ہے جو کسی کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔
مایا خان ماضی میں اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ ان کی پہلی شادی ناکام رہی تھی اور انہیں شوہر کی جانب سے بدترین جسمانی تشدد اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی۔
یاد رہے کہ مایا خان 2011 ء میں نکاح کر چکی تھیں تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہو سکی اور دوسری شادی بھی کچھ عرصے بعد ختم ہوگئی۔