لاہور میں پولیس کی کارروائیاں، تین مفرور اشتہاری گرفتار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان کی ہدایت پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ریس کورس پولیس نے تھانہ راونڈ سٹی کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب مفرور اشتہاری گرفتار کر لیا جبکہ دوسری جانب انچارج چوکی کرول گھاٹی کی کارروائیوں کے دوران تھانہ ہنجروال ، مغلپورہ، اور نصیر آباد کے مطلوب 3 مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق ترجمان پولیس کے مطابق ملزم رفیق نے ڈکیتی کے دوران شہری کو ناحق قتل کیا تھا جبکہ مفرور اشتہاریوں میں طاہر ، عدنان اور عادل شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے بعد مطلوبہ تھانے کے حوالہ کر دیا گیا ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان نے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان کا کہنا ہے کہ مفرور اشتہاریوں کے خلاف سرچ آپریشنز جاری ہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔