لاہور پولیس طیفی بٹ کے بہنوئی کوقتل کرنے والے کے قریب پہنچ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کرنے والے مبینہ عام شہری کی شناخت کرلی ہے اور گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے کہا کہ خواجہ تعریف المعروف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے معاملے پر تفتیشی ٹیموں نے جاوید بٹ کے قاتل کو تلاش کر لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جاوید بٹ کا مبینہ قاتل موٹرسائیکل سوار مشتبہ شخص ہے اور تفتیشی ٹیمیں رکشہ ٹریس کرکے شوٹر تک پہنچ گئی ہیں، جاوید بٹ کو قتل کرنے والے شوٹر کا نام مبینہ طور پر اظہر بتایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوٹر اظہر سنت نگر اسلام پورہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے اور انہوں نے گڑہی شاہو کے رہائشی وجیہ الحسن سے رکشہ چلانے کے لیے کرائے پر لیا تھا، مبینہ شوٹر اظہر رکشہ ساندہ کے علاقے میں رکشہ اسٹینڈ پر کھڑا کرتا تھا تاہم جاوید بٹ کے قتل سے قبل رکشہ اسٹینڈ سے دو روز قبل غائب ہو گیا تھا۔
لاہور پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے جاوید بٹ کے مبینہ قاتل شوٹر اظہر کی تلاش کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے شروع کر دیے اور اس کے گھر والے گھر کو تالے لگا کر روپوش ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی تفتیشی ٹیمیں مبینہ شوٹر اظہر کے اہل خانہ کو بھی تلاش کر رہی ہیں جبکہ مبینہ شوٹر اظہر نے کس گروپ کے کہنے پر جاوید بٹ کو قتل کیا اس بات کی گتھی تاحال نہ سلجھ سکی تاہم مبینہ شوٹر اظہر کی گرفتاری پر جاوید بٹ کے قتل کا معمہ حل ہو جائے گا۔