آزادانہ اور شفاف انتخابات نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سلیمہ ہاشمی

آزادانہ اور شفاف انتخابات نگران حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سلیمہ ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر+لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت مسز سلیمہ ہاشمی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے تاہم حکومتی نظام اورسرکاری محکموں کی نگرانی اور اسے یقینی بنانا بھی نگران حکومت کی اہم ذمہ داری ہے-انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کی صحت اور ان کی زِندگیاں بچانے کے لئے بہت سے اقدامات اور پالیسی سازی کی ضرورت ہے جس پرآئندہ منتخب عوامی حکومت کو خصوصی توجہ دینا ہوگی انہوں نے ان خیالات کا اظہار سروسز ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری وارڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(SIMS)کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حامد بٹ ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر ریحانہ ملک اور دیگر سینئر ڈاکٹر ز اس موقع پر موجودتھے- ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے کہا کہ پولیو ، خسرہ اور ڈینگی کے امراض کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش نہیں لیکن ان امراض پر قابو پانے کے لئے پورے معاشرے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا-انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام میں گھریلو خواتین کابہت اہم رول ہے اور اس سلسلہ میں بھرپور آگاہی مہم کی ضرورت ہے-مسز سلیمہ ہاشمی نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت سے متعلق جتنے بھی اقدامات کئے جائیں وہ کم ہیں کیونکہ خواتین اور بچوں کا شعبہ انتہائی نظر انداز شعبہ ہے -قبل ازیں صوبائی وزیر نے سروسز ہسپتال کے گائنی ڈیپارٹمنٹ میں جدید طبی سہولیات اور آلات سے آراستہ سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری وارڈ کا افتتاح کیا-پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ نرسری وارڈ تقریبا ایک کروڑ 40لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے جس میں 80چھوٹے بچوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کی گنجائش ہے-انہوں نے بتایا کہ ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے فائر کنٹرول سسٹم خصوصی طور پر نرسری وارڈ میں نصب کیا گیا ہے- مسز سلیمہ ہاشمی نے افتتاح کے بعد نرسری وارڈ کا معائنہ کیا اور نومولود بچوں کے علاج معالجہ کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام ہسپتالوں میں ایسے وارڈ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا-اس موقعہ پر انہیں سروسز ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کے لئے حال ہی میں شروع کئے گئے کمپیوٹرائزڈ ٹوکن سسٹم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی- مسز سلیمہ ہاشمی نے سروسز ہسپتال کے ذیابیطس سنٹر کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی سہولت کے لئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کی تعریف کی