پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار شروعات، لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست

راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن)راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف یونائیٹڈ نے صرف 17.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کولن منرو نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے 25 رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آندریز گھاؤس صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف اور آصف آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.2 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ شفیق نے 66 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی، سکندر رضا نے 23 اور ڈیرل مچل نے 13 رنز بنائے۔ دیگر بلے باز بری طرح ناکام رہے، فخر زمان صرف 1 رن، سیم بلنگز صفر، ڈیوڈ ویزے صفر اور کپتان شاہین آفریدی 2 رنز بنا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ کپتان شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ سے قبل شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا میچ ہے، پچ کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے، لیکن مضبوط بیٹنگ لائن اپ سے دباؤ کم ہوتا ہے۔
شاہین آفریدی نے میچ سے قبل کہا تھا کہ لاہور قلندرز مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور ان کے پاس ڈیرل مچل، سکندر رضا اور ڈیوڈ ویزے جیسے میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز کے خلاف اب تک 19 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 10 میں کامیابی اور 9 میں شکست ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 10 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔