حکمران شہریوں کو نجکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ظالمانہ شکنجے کے حوالے نہ کریں: لیاقت بلوچ

حکمران شہریوں کو نجکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ظالمانہ شکنجے کے حوالے نہ ...
حکمران شہریوں کو نجکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ظالمانہ شکنجے کے حوالے نہ کریں: لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمایندہ خصوصی)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں کارکنوں سے خطاب اور مال روڈ لاہور پر ہسپتالوں، بنیادی طبی مراکز کی نج کاری کے خلاف دھرنا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں مہیا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔پی آئی اے، ریلوے، واپڈا، پاکستان سٹیل مِلز جیسے لائف لائن قومی اداروں کو حکومت کی غلط پالیسیوں اور بیوروکریسی کی مجرمانہ عدم توجہی، کرپشن نے برباد کیا ہے۔ اب جب تھوڑی توجہ دی گئی تو 21 سال بعد پی آئی اے منافع بخش ادارہ بن گیا۔ حکمران اسلامی فلاحی نظریاتی مملکتِ خداداد پاکستان کے جمہوری شہریوں کو نج کاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ظالمانہ شکنجے کے حوالے نہ کریں؛ کرپشن، عیاشیوں، بدانتظامی، میرٹ کی پامالی کا ازالہ کریں۔ ڈاکٹرز، انجینئرز، ہنرمندوں، اساتذہ کرام اور پیرامیڈیکل سٹاف پر اعتماد کیا جائے۔ ہر محکمہ کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ ہر محکمہ اور فیلڈ کے لیے متعلقہ ماہرین اور ہنرمندوں پر اعتماد کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے پنجاب حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ پنجاب میں زراعت، کسانوں، ڈاکٹرز، اساتذہ، پیرامیڈیکل سٹاف، کلرکس اور ہُنرمندوں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کریں۔ زراعت، تعلیم، صحت سمیت بڑے قومی اداروں کو تباہ کرکے عوام کو مزید پریشانیوں کا شکار نہ کیا جائے۔

 لیاقت بلوچ نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ سندھ، بلوچستان جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں وفاق اور صوبوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو ٹھیک کریں گے۔ بلوچستان کے مسئلہ پر ایوانِ صدر میں قومی کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہے، اس معاملے میں وفاق تاخیر کا شکار ہورہا ہے۔لیاقت بلوچ 13 اپریل کو کراچی میں حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں یکجہتی فلسطین مارچ تاریخ ساز ہوگا۔ کراچی کی عوام مرد و خواتین، نوجوان، محنت کش، طلباء و طالبات جذبہ ایمانی کیساتھ کراچی مارچ کو دُنیا بھر کا سب سے بڑا یکجہتی فلسطین مارچ بنادیں گے۔ لاہور میں زندہ دِلانِ لاہور نے یکجہتی غزہ مارچ میں تاریخ ساز شرکت سے بیداری اُمت کے لیے مرحلہ کا آغاز کردیا ہے۔ عوام کے پاس اپنے اتحادِ اُمت کے جذبات کے اظہار کی طاقت ہے۔ مِلتِ اسلامیہ کا اصل مطالبہ مسلم حکمرانوں سے ہے کہ بزدلی، بیحمیتی اور مجرمانہ غفلت ترک کریں اور سیاسی، سفارتی، اقتصادی اور عسکری محاذ پر جرأت مندانہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ عالمِ اسلام کیلیے خوفناک خطرات خطے کے مسلم ممالک کے دروازوں پر دستک دے رہے ہیں۔ مسلم عوام ہرقربانی کے لیے تیار ہیں، مسلم حکمران بھی اسلامی غیرت وحمیت کا مظاہرہ کریں۔ عالمی نظام تبدیل ہورہا ہے، مسلم حکمران دُنیا کو قرآن و سنت کی بنیاد پر بابرکت اسلامی انقلابی نظام دیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اشتراکیت اور سرمایہ دارانہ نظام انسانوں کے لیے ظلم اور استحصال کا نظام ثابت ہوا ہے۔ امریکہ نے پوری دُنیا میں نئی تجارتی جنگ سے معیشت اور انسانوں کو داؤ پر لگادیا ہے، اس تجارتی جنگ میں امریکہ بُری شکست سے دوچار ہوگا، یورپ بھی اِس ڈرٹی گیم میں امریکہ کا ساتھ نہیں دے گا۔ یورپ، ایشیائی اور لاطینی امریکی ممالک کے عوام معاشی محاذ پر چین کے ساتھ کھڑے ہونگے۔