سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا،کورٹ مارشل کی کارروائی شروع
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے، ایک تفصیلی کورٹ آف انکوائری، پاک فوج نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے خلاف کیے گئے ٹاپ سٹی کے کیس میں شکایات کی درستگی کا پتہ لگانے کے لیے کی تھی۔ اس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔