عمران خان کے طرز سیاست نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا: ڈاکٹر امجد علی 

عمران خان کے طرز سیاست نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا: ڈاکٹر امجد علی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرِ ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کرپشن کے خلاف بھر پور جدوجہد  اور عوام کو ریلیف پہنچانے سمیت ان کے حقوق کی تحفظ اور بے لوث خدمت کی بدولت لوگ پاکستان تحریک انصاف میں جوق درجوق شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرزِ سیاست نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام سیاسی نعروں کی بجائے حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے گاؤں سنڈوکہ یونین کونسل کوٹہ سوات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور ان کو پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔ ڈاکٹر امجد علی نے پارٹی میں شامل ہونے والے لوگوں کا یہ فیصلہ تدبرانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑو ں لوگوں کا سنڈوکہ جیسے چھوٹے گاؤں سے تحریک انصاف میں شمولیت کے ا علان اور اس ضمن میں مختصر وقت میں منظم جلسہ تیار کروانے سے موجودہ حکومت کی کار کردگی اور کامیابی کا اندازہ بخوبی ہوتا ہے انہوں نے پی ڈی ایم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے پر چوری کے الزامات لگانے والے اپنی کرپشن چھپانے اور این ار او کے حصول کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ جلسوں میں لوگوں کو آنے کے لئے پیسے اور گاڑیاں فراہم کرنے کے باوجود عوام نے پشاور، لاہور، کوئٹہ اور بٹ خیلہ میں ان کی ریلیوں میں شرکت نہ کرکے ان کے ایجنڈے کو بری طرح مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کسی کو بھی این ار او نہ دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں اس لئے پی ڈی ایم والے چاہے جتنی بھاگ دوڑ کرلیں وہ ناکام ہیں اور ناکام رہے گے۔اپنی تقریر میں صوبائی وزیر ہاوسنگ نے کہا کہ ماضی میں حکمران صرف ووٹ کے حصول اور اقتدار کی کرسی تک رسائی حاصل کرنے کے لئے معصوم عوام کو روٹی کپڑا اور مکان جیسے نعروں اور دھوکوں میں ڈال کر خاموش کرادیتے تھے مگر آج پاکستانی عوام نے ان کو مسترد کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا ایجنڈااور ان کی سیاست اپنے انجام تک پہنچ چکی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -