ملتان: سکولوں کی تعمیر و مرمت پر 9کروڑ روپے خرچ کرنیکا فیصلہ
ملتان(اے پی پی)پنجاب حکومت نے ملتان کے مختلف علاقوں میں سکولوں کی تعمیر،اپ گریڈیشن اور سہولتوں کی فراہمی کے 7 منصوبوں کے لئے 9 کروڑ روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق سکول ایجوکیشن کیلئے رقوم میں گراں قدر اضافہ کیاگیا ہے۔ 19-2018 کے بجٹ میں اس مقصد کے لیے اڑھائی ارب روپے مختص کیے گئے تھے جو اس مرتبہ ساڑھے تین ارب سے (بقیہ نمبر21صفحہ6پر)
تجاوز کرگئے ہیں۔رواں مالی سال کے دوران پنجاب میں 450سکولوں کی عمارتیں ازسرنو تعمیر کی جائیں گی۔82گرلز اور 70بوائز سکول اپ گریڈ کیے جائیں گے جبکہ862سکولوں میں نئی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ملتان کے جن سکولوں کے لیے رقوم فراہم کی گئی ہیں ان میں گورنمنٹ گرلزسکول کوٹلہ تولے خان کی عمارت کی تعمیر پر 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول شاہین آباد میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر پر 6کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اس بجٹ میں ایک کروڑ 20لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ الحسین سکول جکھڑ پور مظفرآباد میں کلاس رومز اورد یگر تعمیرات پر اڑھائی کروڑ روپے لاگت آئے گی۔بجٹ میں اس مقصد کے لیے 62لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز ہائی سکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر پر دوکروڑ روپے لاگت آئے گی،بجٹ میں اس مقصد کے لیے 50لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔ سورج میانی میں گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلزسکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر پر ڈھائی کروڑ روپے لاگت آئے گی اس بجٹ میں 62لاکھ مختص کردیئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ گرلز سکول کڑی داودخان کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر ساڑھے چارکروڑ روپے لاگت آئے گی۔اس بجٹ میں ایک کروڑ روپے اس منصوبے کے لیے مختص کردیئے گئے ہیں۔ اقبال گرلز ہائی سکول ملتان اور بوائزپرائمری سکول حیدر پور کی اپ گریڈیشن پر 9کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس بجٹ میں اس منصوبے کے لئے ایک کروڑ80لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں۔دریں اثناصوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 215سے رکن اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ ہماری بنیادی توجہ تعلیم پر ہے اور اس خطے میں بہت سی نئی یونیورسٹیاں،نئے کالج اور نئے سکول تعمیر کیے جارہے ہیں تاکہ یہاں کے نوجوان مستقبل میں پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔\