غیرمنقولہ جائیدادوں کی منتقلی کیلئے3الگ الگ ٹیکس ریٹ متعارف کرانے کی تجویز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاق کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ میں غیرمنقولہ جائیدادوں کی منتقلی کیلئے3الگ الگ ٹیکس متعارف کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا بجٹ تقریر میں کہنا تھا کہ اس وقت فائلرز کیلئے غیرمنقولہ جائیدادیں خرید نے پر فلیٹ تین فیصد اور نان فائلرز پر چھ 6فیصد ٹیکس عائد ہے۔ ایسے لوگ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ پر کبھی ریٹرن فائل نہیں کرتے بلکہ جائیداد کی خریداری کے وقت ٹرانزیکشن کرنے سے پہلے ریٹرن فائل کرتے ہیں۔ مقررہ تاریخ تک ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کو یقینی بنانے اور نان فائلرز اور تاخیر سے ریٹرن فائل کرنے والوں کے لئے کاروبار کی لاگت بڑھانے کی غرض سے یہ تجویز کیا جا رہا ہے کہ فائلرز، نان فائلرز اور تاخیر سے ریٹرن جمع کرانے والوں کے لئے تین الگ الگ ریٹس متعارف کرائے جائیں۔ اس حوالے سے ان تینوں کیٹگریزکے لیے ٹیکس کی شرح میں رد و بدل تجویز کیا جا رہا ہے۔ اس مجوزہ قدم کا مقصد نان فائلرزپر ٹیکس کا بوجھ بڑھانا او زیادہ ریونیو جنریٹ کرناہے۔