جسٹس ثاقب نثار سٹنٹ ڈلوا کراگلے دن عدالت میں موجود تھے، جسٹس گلزار کے کیس میں التواکی استدعاپر ریمارکس
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے ملازمت سے متعلق کیس میں التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ پیر کو کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔التوا کیلئے محمد آفتاب عالم کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس گلزار احمد نے التواء کی درخواست پر ریمارکس دیئے کہاکہ آپ کے وکیل صاحب نے گزشتہ سماعت پر بھی اسی بات پر التوا لیا تھا کہ ان کو اسٹنٹس ڈلے ہیں اور وہ ہسپتال داخل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی پیشی اور آج کی پیشی میں کئی ہفتے گزر گئے آج بھی بیماری پر التوا مانگ رہے ہیں۔ جونیر وکیل نے کہاکہ الطاف رانا صاحب گھر پر ہیں انکو کچھ دنوں بعد مزید اسٹنٹس ڈلنے ہیں،جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ کیا ججز کو اور اسٹنٹس پڑتے ہیں اور وکلا کو اور،ججز کو ایک دن اسٹنٹس پڑتے ہیں اور وہ اگلے دن کورٹ میں ہوتے ہیں۔جسٹس گلزار نے کہاکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسٹنٹ ڈلوا کر ایک دن آرام کیا اگلے دن عدالت میں موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ وکیل کو اسٹنٹس پڑ جائیں تو تین تین ہفتے کا التوا لیتے رہتے ہیں،آپ کے کیس کو کل کیلئے مقرر کر دیتے ہیں،وکیل کو کہیں کل پیش ہو جائیں۔ جونیئر وکیل نے کہاکہ اگر عدالت کا حکم ہے تو میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرا دیتے ہیں۔عدالت نے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ