کوئٹہ، کوئلے کی کانوں پر دہشتگرد حملے میں شہید مزدوروں کی تعداد 20ہو گئی 

کوئٹہ، کوئلے کی کانوں پر دہشتگرد حملے میں شہید مزدوروں کی تعداد 20ہو گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            کوئٹہ،اسلام آباد (آئی این پی)بلوچستان کے علاقے دکی میں جمعہ کی شب کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق ہونیوالے کان کنوں کی تعداد 20ہوگئی، جبکہ 7 زخمی افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ و زیر اعلیٰ بلو چستا ن میر سرفراز بگٹی نے بیگناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت اور شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم دیدیا۔دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقا می کول کمپنی کی کوئلہ کانوں پر حملے کے نتیجے میں 20مزدور جاں بحق و متعدد زخمی ہونے کے علاوہ حملہ آوروں نے 10کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر جلا دئیے، مسلح افراد نے مز د وروں کو ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے فائرنگ کی،بعدازاں لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیاگیا، جاں بحق ہونیوالے 20مزدوروں میں 2کا تعلق افغانستان، 3کا پشین، ایک کا کچلاک،4کا قلعہ سیف اللہ،3کا ژوب اورایک مزدور کا تعلق لورالائی سے ہے، جاں بحق اور زخمی ہونیوالے تمام مزدور پشتون ہیں۔ چیئرمین ضلع کونسل دکی خیر اللہ ناصر نے بتایا دہشتگردوں نے پہلے کول کمپنی کے دفتر پر گرینیڈ اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا اور سائٹ پر موجود مشینری کو آگ لگا دی،پولیس کا کہنا ہے کوئلے کی کانوں پر حملے میں اموا ت کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہو ئے جاں بحق کان کنوں کے در جات کی بلندی کی دعا کی اوران کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا، زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کر نے کی ہدا یت کی۔شہباز شریف نے کہا ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں بیگناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کر تے ہوئے ایف آئی آر  درج اور واقعہ کی تحقیقات محکمہ انسداد دہشتگردی سے کرانے سمیت دہشتگردوں کیخلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم دیدیا۔انہوں نے کہا دہشت گر دوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، عام غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، دہشت گرد بزدل ہیں، دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جا ئیگا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقو ی نے بھی دکی میں کول مائنز میں کان کنوں پر مسلح افراد کے حملے کی شدیت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بیگناہ مزدوروں کوقتل کرنیوالے کسی رعا یت کے مستحق نہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دکی میں مسلح افراد کے ہاتھوں کان کنوں کے قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اورکہا غریب محنت کشوں کو قتل بزدلانہ فعل ہے، مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائینگے، شہید مزدوروں کے مظلوم خاندانوں کیساتھ ہیں، دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کریں گے، دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر دم لینگے۔

مزدرو شہید

مزید :

صفحہ اول -