لیسکو میں اعلیٰ سطح کا اجلاس، نیٹ میٹرنگ کے عمل کو شفاف بنانے اورکرپشن کے خاتمے کیلیے اہم احکامات جاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) ہیڈ کوارٹرز میں نیٹ میٹرنگ کے عمل کومزید شفاف بنانے اورکرپشن کے خاتمے کے لیے کیے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ نیٹ میٹرنگ کے عمل میں کرپشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کو مزید سخت کردیا جائے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے تاکہ صارفین کا ادارے پر اعتماد بڑھے۔انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ سولر ٹیکنالوجی ملک میں توانائی کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے تمام افسران اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں جی ایم ٹیکنیکل عامر یاسین، منیجر ایچ آر ہماچیمہ، ڈائریکٹر کسٹمر سروسزسرور مغل،چیف انجینئر او اینڈ ایم عباس علی،کمپنی سیکریٹری گوہر ایوب، ڈائریکٹر کمرشل طاہر ندیم، ڈائریکٹر کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ اور ڈائریکٹر سیفٹی فواد خالد نے شرکت کی۔