مذاکرات ایلچیوں سے نہیں ہوتے، بلوچستان میں لاشوں کے مینار بنتے ہیں، اسمبلی ربڑسٹیمپ ہے: اخترمینگل
نوشکی (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اخترمینگل نے کہاہے کہ صرف پرویزمشرف کو سزا دینے سے بلوچستان کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ، اب صوبے میں لاشوں کے مینار بنائے جارہے ہیں ، حکومت حالات خراب کرنے کی ذمہ داری یا اپنی بے بسی کا اظہارکرے ، مذاکرات بااختیار لوگوں سے ہوسکتے ہیں ، ایلچیوں سے نہیں ، پاکستان کی پارلیمنٹ ربڑ سٹیمپ ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بی این پی کے سربراہ اخترمینگل کاکہناتھاکہ صرف مشرف کو سزا دینے سے بلوچستان کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے، اُسی نے حالات خراب کیے ، پرویزمشرف نے آئین توڑا، سزاملی تو ملک کی خوش قسمتی ہوگی ۔ اُن کاکہناتھاکہ حکومت واضح کرے ، وہ بااختیار ہے ، آپریشن میں ملوث نہیں یاپھر اپنی بے بسی کا اظہار کرے،مذاکرات بااختیار لوگوں سے ہوسکتے ہیں ، ایلچیوں سے نہیں ، خراب حالات میں مذاکرات ممکن نہیں، ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے لیے حالات سازگار کیے جائیں جبکہ نہیں لگتاکہ مشرف کو سزا ہوگی ۔اُنہوں نے کہاکہ مشرف دور میں مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ شرو ع کیاگیا،اب لاشوں کے مینا ر بنائے جارہے ہیں ، چاغی معدنیات سے مالامال ہے لیکن لوگ صاف پانی کو ترستے ہیں ، ۔ایک سوال کے جواب میں اُن کاکہناتھاکہ ہمارے لیے اسمبلیاں نہیں ، عوامی طاقت اہم ہے ، پاکستان کی اسمبلیاں ربڑ سٹیمپ ہیں ۔