طلباء کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا ،نثار کھوڑو

طلباء کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا ،نثار کھوڑو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اسکولز میں طلباء کے انرولمنٹ اور حاضری کو مانیٹر کرنے کے لیے بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا ۔ اسکولز کی منیجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے اسکول گود لینے کی پالیسی اختیار کی گئی تھی ، جس کی ہم نہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور نہ ہی حوصلہ شکنی ۔ وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں محکمہ تعلیم سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دے رہے تھے ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ حکومت کی یہ خواہش ہے کہ حیدرآباد شہر میں کوئی یونیورسٹی قائم کی جائے کیونکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹیز ضروری ہیں ۔ اس وقت حیدرآباد میں یونیورسٹی قائم کرنے کی کوئی اسکیم نہیں ہے ۔ حیدرآباد سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر یونیورسٹی آف سندھ ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی موجود ہیں ۔ حکومت اس تجویز پر غور کر رہی ہے کہ گورنمنٹ کالج کالی موری حیدرآباد کو ڈگری دینے والے ادارے کا درجہ دیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2008 سے 2012 تک لاڑکانہ ڈویژن میں 69 پرائمری اسکولز کو ایلمنٹری اور مڈل اسکول کے طور پر اپ گریڈ کیا گیا جبکہ 41 مڈل اسکولز کو ہائی اسکول کا درجہ دیا گیا ۔ ضرورت کی بنیاد پر اسکولز کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے ۔ بچوں کی انرولمنٹ کو مانیٹر کرنے کے لیے بائیومیٹرک سسٹم نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ سینئر وزیر تعلیم نے بتایا کہ 2009-10 میں صوبے میں 357 اسکولز کو گود لیا گیا ہے ۔ گود لینے والوں میں 12 افراد اور 65 تنظیمیں شامل ہیں ۔ اسکولز کی منیجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے گود لینے کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔