مسیحی برادری کا ایسٹر نہ منانے کا فیصلہ حب الوطنی کی بہترین مثا ل ہے: ناصر حسین شاہ

مسیحی برادری کا ایسٹر نہ منانے کا فیصلہ حب الوطنی کی بہترین مثا ل ہے: ناصر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات، بلدیات،جنگلات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کارونا کے پیش نظر مسیحی برادری کی جانب سے ایسٹر کی تقریبات نہ منانے کا فیصلہ حب الوطنی کی بہترین مثال اور سندھ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر اعتماد کا مظہر ہے،جس کے لئے حکومت سندھ مسیحی برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر شاہ نے ایسٹر کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام مذاھب و مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے طبقوں کا حکومتی ٖفیصلوں پر یکجہتی و تعاون کا مظاہرہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر سندھ حکومت کی طرح فور ی طور پر احتیاطی تدابیر کے طور پرلاک ڈاون کرلیتی تو ایسی صورت حال نہ ہوتی جو کہ اب درپیش ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے چھبیس فروری سے ہی جو احتیاطی تدابیر اختیار کیں اور ہنگامی اقدامات کئے، ان کی وجہ سے کارونا کا بڑے پیمانے پر پھیلاوممکن نہ ہوسکا۔ صوبائی وزیر نے مسیحی برادری کی جانب سے موجودہ حالات میں تعاون اور حکومتی ٖفیصلے کے پیش نظر ایسٹر کی تقریبات سادگی کے ساتھ اپنے گھروں میں منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ قوم پر جب بھی کڑا وقت آیا، مسیحی برادری کسی سے پیچھے نہیں رہی اور کارونا کے حوالے سے حکومتی فیصلوں پر مسیحی برادری جس طرح عمل پیرا ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ جب بھی کبھی وقت پڑا، مسیحی برادری نے حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ ہم ایسٹر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -