ڈی ایچ اوز، آرایچ سیز اور بی ایچ یوز کے دورے کریں، تیمور جھگڑ ا 

ڈی ایچ اوز، آرایچ سیز اور بی ایچ یوز کے دورے کریں، تیمور جھگڑ ا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، متعلقہ اضلاع کے آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز کا ہر تین ماہ  میں ایک لازمی دورہ کریں۔ مراکز صحت سے غیر ضروری طور پر غیر حاضر سٹاف کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ڈی ایچ اوز صحت مراکز میں سٹاف، صفائی اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے باخبر رہیں اور اسے بہتر سے بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ ضم اضلاع میں ویکسینیٹرز کی بھرتی کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سٹاف، ادویات، مراکز صحت کے دورے، بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اضلاع کی سطح پر دیگر حل طلب معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر وزیر صحت و خزانہ نے صحت حکام کو ہدایت کی کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جاری صحت پراجیکٹس کے حوالے سے  باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہوئے انہیں ضم کیا جائے اور پورے صوبے کے لیے کسی بھی شعبہ کا صرف ایک ذمہ دار افسر مقرر کیا جائے۔ تیمور جھگڑا نے بچوں کی روٹین ویکسینیشن کی شرح مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 85 فیصد سے زائد ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر نے ضم اضلاع میں ویکسینیٹرز کی بھرتی کے عمل کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے اور دیگر اضلاع میں پہلے سے موجود ویکسینیٹرز کی مستقلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے غیر ضروری غیر حاضر صحت عملے کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پر غیر حاضر عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -