”کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں جیتنا ہے تو۔۔۔“ کپتان نے اپنے کھلاڑیوں کو بہترین نصیحت کر دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے مشکل دورے میں شکست سے خوفزدہ نہ ہوں اور باؤنسی پچوں پر وہی کامیاب ہوگا جو دلیری سے اپنا نیچرل کھیل کھیلے گا۔
جنوبی افریقہ روانگی سے قبل نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو یہی بتایا ہے کہ دلیر بن کر اپنا نیچرل گیم کھیلیں، ٹیم میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے، چار پانچ کھلاڑیوں کے علاوہ اکثر کھلاڑی پہلی بار جنوبی افریقہ کا دورہ کررہے ہیں، اس لئے ان پر دباؤ کم ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے اس ٹیسٹ ٹیم سے جیت کیلئے بڑی امید ہے، موجودہ ٹیم میں اظہر علی اور اسد شفیق ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور دونوں کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ ہوگا کیونکہ دونوں جنوبی افریقہ کی پچوں کو اچھی طریقے سے جانتے ہیں اور اگر دونوں نے کارکردگی دکھائی تو پاکستان کو جیت سے روکنا مشکل ہوگا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی نیوزی لینڈ کی شکست کو فراموش کردیں اور نئی سیریز میں نئے عزم سے حصہ لیں اگر پاکستان نے اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھائی تو ہم سیریز جیت سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سینچورین میں کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔