مظفر گڑھ میں سفاک ملزم نے 2 بچوں کو ذبح کرکے گوشت تقسیم کردیا
مظفر گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں سفاک ملزم نے 2 بچوں کو ذبح کرکے گوشت تقسیم کردیا۔
ہوا کچھ یوں کہ پہلے مظفرگڑھ کے علاقے خان گڑھ میں3 بچوں کو اغوا کیا گیا، 8 دسمبر کو اغوا کیے جانے والوں میں 7 سالہ علی حسن، اس کی ڈیڑھ سالہ بہن حفظہ اور ان کا 3 سالہ کزن عبداللّٰہ شامل تھا،واردات کے بعد تھانہ خان گڑھ پولیس نےمقدمہ درج کیا اور معاملے کی روایتی تفتیش میں مصروف رہی۔
اہل علاقہ کی نشاندہی پر پولیس نے 11 دسمبر کو ملزم بلال کو ایک ڈیرے سے گرفتار کرکے 7 سالہ علی حسن کو بازیاب کروالیا۔ ملزم نے گرفتاری کے بعد بھی 3 روز تک دو دیگر مغوی بچوں سے متعلق کچھ نہ بتایا۔پھر یوں ہوا کہ بازیاب ہونے والے 7 سالہ علی حسن کو تین روز بعد ہوش آیا تو اس کی نشاندہی پر ڈیڑھ سالہ حفظہ اور 3 سالہ عبداللّٰہ کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں بازیاب ہونے والے بچے علی حسن نے بتایا کہ ان کا رشتہ دار بلال بہانے سے اسے اور دیگر بچوں کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گیا، بلال نے جمعے کے روز ہی چمرو والی میں 3 سالہ عبداللّٰہ کو چھری کے ذریعے ذبح کرکے قتل کیا جبکہ ہفتے کے روز ڈیڑھ سالہ حفظہ کو ذبح کرکے قتل کیا گیا۔دونوں بچوں کو ذبح کرنے کے بعد بلال ان کا گوشت پکوا کر کھا گیا جبکہ بلال نے اسے بتایا کہ اس نے گوشت دربار پر بھی بانٹا ہے اور ہوٹل والوں کو بھی دیا۔
پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران نواحی علاقے چمرو والی میں کماد کے کھیت سے 3 سالہ عبداللّٰہ کی کھوپڑی، ایک چھری اور کپڑے برآمد کرلیے گئے، ڈیڑھ سالہ حفظہ کی تلاش میں پولیس کو تا حال کوئی کامیابی نہ مل سکی۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق ملزم بلال نے گرفتاری کے بعد سے تحقیقات میں تاحال کچھ نہیں بتایا۔