وزیر اعلیٰ مریم نوازکا دورۂ چین،پانچویں روز بھی بھرپور مصروفیت،ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پہلا جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ
بیجنگ +لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورۂ چین کے پانچویں روز بھی مصروفیت سے بھرپور دن گزارا۔ وزیر اعلیٰ نے شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کا دورہ کیااور مختلف شعبے دیکھے۔ ہواوے ٹیکنالوجیز میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کاپرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سے ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صد روانگ چینگ ڈونگ (Mr.Wang Chengdong)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے صدر کو لاہور آنے اور پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کا پہلا جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہواوے کو نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے پر تعاون کی پیشکش کی۔وزیر اعلیٰ نے ہواوے کو پنجاب میں اسمبلینگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں ہواوے کو پنجاب ریٹیل آفس اور آفٹر سیل سروس سنٹر قائم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ ملاقات میں ای کامرس، ایکو سسٹم پروڈکشن، ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق پر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہواوے کے صدرمسٹر وانگ چینگ ڈونگ نے وزیر اعلیٰ اور وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور ہواوے کے پاکستان میں بالخصوص پنجاب جاری پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلات بیان کیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہواوے کے ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر میں پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہواوے کے ہیلتھ اور ایجوکیشن پراجیکٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہواوے کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب کے ویژن کو ہواوے کے اشتراک کار سے عملی شکل دیں گے۔ ٹیلی کمیونیکیشن، الیکٹرانک اور ڈیجیٹلائزیشن کے امور میں ہواوے کی مہارتوں سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔پنجاب کی پہلی مکمل اے آئی یونیورسٹی میں ہواوے کے پروفیشنل سکل سے مستفید ہونا چائیں گے۔ ہواوے نوازشریف آئی ٹی سٹی میں کیپسٹی بلڈنگ اور آئی ٹی ریسرچ میں معاونت کریں۔ ہواوے کے تعاون سے پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی جدت سے متعارف کروانے چاہتے ہیں۔ہواوے ایکو سسٹم ڈویلپمنٹ میں پنجاب کی معاونت کرے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں پہلا سیف سٹی پراجیکٹ ہواوے کے اشتراک سے قائم ہواہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہواوے حکام کے ساتھ فیکٹری کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شنگھائی سے ڈسٹرکٹ یانٹین پہنچ گئیں -وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کینسر اور دیگرجینیاتی بیماریوں کے علاج کیلئے عالمی شہرت یافتہ میڈیسن کمپنی بی جی آئی جینومکس کا دورہ کیا-حکومت پنجاب اور بی جی آئی کے ساتھ کینسر کے علاج اور دیگر امور میں اشتراک کار کے ایم او یو پر دستخط کئے گئے-رائس پروڈکشن کی نئی ٹیکنیک متعارف کرانے اور ہیلتھ سیکٹرورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز سے بی جی آئی جینومکس کے صدر مسٹر وانگ جیان (Mr. Wang Jian) نے ملاقات کی-وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو BGI گروپ کے سی ای او ین یی(Yin Yi)، BGI جینومکس کے سی ای او ژاؤ لیجیان(ZhaoLijian,) اور BGI جینومکس کے ڈپٹی جنرل منیجر لی ننگ (Li Ning,)نے بریفنگ دی- بی جی آئی جینومکس کینسر کے علاج کے لئے محکمہ صحت اور حکومت پنجاب کی معاونت کرے گا-وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں جینیاتی جانچ کیلئے لیبارٹریز اور طبی نمونوں کی نقل و حمل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی-
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے بی جی آئی جینومکس کو پنجاب میں ریسرچ سنٹر قائم کرنے کی بھی دعوت دی-بی جی آئی جینومکس نے پنجاب حکومت کی پیشکش پر مثبت ردِ عمل کا اظہار کیا اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا- وزیراعلیٰ نے ایگری کلچر یونیورسٹیز میں بی جی آئی گروپ کے تعاون سے ریسرچ کلچر کو مزید مستحکم کرنے کی تجویز دی- وزیراعلیٰ کو بی جی آئی گروپ کی ریسرچ، جینیاتی ٹیکنالوجی کے استعمال اور جدید طبی علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی-بی جی آئی جینومکس کے حکام نے انسانی صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں اپنی تحقیق کے عملی اثرات پر روشنی ڈالی- وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ بی جی آئی جینومکس 100 سے زائد ممالک میں جینیاتی تحقیق اور سروسز فراہم کر رہا ہے- بی جی آئی جینومکس مختلف بیماریوں کے علاج میں جدید ترین جینیاتی طریقے متعارف کروا رہا ہے۔ جینیاتی سیکوئنسنگ کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بی جی آئی ہیڈ کوارٹر میں ڈی این اے سنتھیسز لیب، سیکوئنسنگ لیب اور ایس ٹی او مکس لیب کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی- وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ یہ دورہ پاک چین کے درمیان جاری تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے بی جی آئی جینومکس کی کامیابیوں کو سراہا-وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ ہیلتھ اور زراعت ترجیحات میں شامل، فیکلٹی ٹرینگ میں معاونت چاہتے ہیں۔ پنجاب میں جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی سے صحت کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے لیے پرعزم ہے-بی جی آئی جینومکس کے تعاون سے صوبے میں صحت کے معیار کو مزید بہتر بنائیں گے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب حکومت جدید طبی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ مکمل سپورٹ کریں گے-بی جی آئی جینومکس کی فیسلٹی کا پنجاب میں قیام میڈیکل ریسرچ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔زیادہ پیداوار والے بیج کی تیاری کیلئے بی جی آئی جینومکس کی خدمات کے خواہاں ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنکو کمپنی کے ہیڈ آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان جنکو کی چوتھی بڑی مارکیٹ ہے، جنکو پاکستان میں اپنا مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرے۔جنکو سولر کمپنی کی پروفائل بہت متاثر کن ہے -جنکو سولر کمپنی اپنے کارخانوں اور فیکٹریوں سے جدید سوچ اور جدت طرازی کو پروان چڑھایا-جنکو کمپنی کی جدت وہ ناقابل یقین ہے، کمپیوٹر ڈیزائن کردہ تصویر جیسا لگتا ہے۔ جنکو سولر کمپنی صارفین کو پائیدار متبادل کی فراہمی سمیت ماحول دوست پالیسیوں کو بھی مدنظر رکھتی ہے-وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پاکستان جنکو سولر کی سرمایہ کاری کیلئے نہایت موزوں ملک ہے - سولر پاکستانی مارکیٹ بہت امید افزا ءے،بہت بڑی مارکیٹ ہے-پاکستان میں سولر توانائی کی طلب دن بدن بڑھ رہی ہے۔پنجاب میں ماحول دوست سولر انرجی کو فروغ دے رہے ہیں۔ پنجاب میں سولر انرجی کے نئے منصوبے شروع کیے ہیں - پنجاب میں 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت سولر پینلز فراہم کریں گے۔ 200 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بلا سود طویل مدتی قرضے آسان اقساط میں فراہم کریں گے۔پنجاب میں سولر منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، تقریباً حتمی مراحل میں ہے، چند ہفتوں میں لانچ کریں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پاکستان اورچین کی دوستی لازوال ہے-حالات کچھ بھی ہوں، لیکن یہ لوہے جیسی مضبوط دوستی ہے، بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ چین نے ہمیشہ مشکل وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان میں بجلی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں - پاکستان میں افرادی قوت کی کمی نہیں، 200 ملین سے زائد آبادی کا ملک ہے- پاکستان میں وہ بنیادی سٹرکچر موجود ہے جو کوئی بھی فیکٹری قائم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور توانائی کی طلب آئے روز بڑھ رہی ہے-پاکستان میں سولر انرجی متبادل کے طور پر مقبول ہو رہا ہے- پاکستان میں عوام بڑی تعداد میں سولر انرجی کی طرف جا رہے ہیں -پاکستان ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹ رہا ہے سولر انرجی فوسل فیولز پر انحصار کم کرنے میں مدد دیتی ہے- پاکستان میں شمسی توانائی کے وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفدنے شن زن سے وانگ ژو تک چین کی معروف ہائی سپیڈ ٹرین پر سفر کیا-وزیراعلیٰ اور وفدنے ہائی سپیڈ ریلوے ٹرین پر سفر کو یاد گار اور عمدہ تجربہ قرار دیا اور پنجاب میں ہائی سپیڈ ریلوے سسٹم متعارف کرانے کے عزم کااظہارکیا۔