کانگو میں بچوں میں پراسرار بیماری پھیلنے لگی، ڈبلیو ایچ او بھی پریشان، ماہرین بھیج دیئے
کنشاسا (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایم پاکس کو عالمی صحت کی ہنگامی حالت قرار دیئے جانے کے صرف 4 ماہ بعد، ایک نیا پراسرار فلو نما مرض، جس نے درجنوں افراد کی جان لے لی ہے، نے کانگو کے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق 40 سالہ ڈینیس کابیا جمہوریہ کانگو کے مغربی صوبے کوانگو کے علاقے پانزی میں رہتی ہیں۔ یہاں صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر سے اس نامعلوم بیماری کے زیادہ تر کیسز سامنے آئے ہیں۔ اکتوبر میں، کابیا کی 12 سالہ بیٹی ڈیان بیمار ہوگئی۔ کاہیا نے بتایا " میری پیاری بیٹی کو سردرد، بہتی ہوئی ناک، بھوک کی کمی، اور جسمانی کمزوری کا سامنا تھا، مجھے لگا یہ ملیریا اور ٹائیفائیڈ بخار ہے۔" جب ڈیان کی ناک بند ہوگئی، تو کابیا کو امید تھی کہ بدترین گزر چکا ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائے گی، جیسا کہ عموماً ہوتا تھا۔ لیکن بچی نے مزید درد اور تکلیف کی شکایت کی، اور بالآخر اکتوبر کے آخر میں اس بیماری سے چل بسی۔
رپورٹ کے مطابق 24 اکتوبر سے 11 دسمبر کے درمیان، پانزی صحت زون کے 30 میں سے 8 علاقوں میں اس نامعلوم بیماری کے 514 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس ہفتے کے آغاز میں اس وبا کی وجوہات جانچنے اور ردعمل میں مدد کے لیے ماہرین کو علاقے میں بھیجا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس بیماری سے ہسپتالوں میں 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پچھلے ہفتے کانگو کے وزیر صحت، راجر کامبا نے کہا کہ پانزی کے دور دراز علاقوں میں اس بیماری سے مزید 44 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ کامبا نے کہا کہ اکتوبر میں اس وبا ءکی پہلی بار اطلاع ملی، اور نومبر کے آخر میں الرٹ لیول بلند کیا گیا۔
قومی صحت کے حکام کے مطابق زیادہ تر کیسز اور اموات 14 سال سے کم عمر بچوں میں ہوئی ہیں، جن میں زیادہ تر کیسز 5 سال سے کم عمر بچوں میں سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چونکہ اس پراسرار بیماری کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں، یہ جاننا مشکل ہے کہ بچے اتنے زیادہ کیوں متاثر ہو رہے ہیں۔ پچھلے ہفتے ایک پریس کانفرنس کے دوران، کامبا نے کہا کہ یہ بیماری فلو نما ہے۔ کچھ بچوں اور دیگر متاثرہ افراد میں سانس کی تکلیف دیکھی گئی ہے، کچھ مریض خون کی کمی کا شکار تھے، جو اس بیماری سے منسلک اموات کی ایک وجہ تھی۔