ڈیرہ ،باجوڑکے پولیو قطروں سے انکاری خاندان کا بچہ معذور

ڈیرہ ،باجوڑکے پولیو قطروں سے انکاری خاندان کا بچہ معذور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ) ایمرجنسی آپریشن سینٹر(ای او سی) خیبر پختونخواہ کی جاری رپورٹ کے مطابق باجوڑ میں پولیو قطروں سے انکاری خاندان کا بچہ معذورہونے کی تصدیق کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این۔ای۔او۔سی) اسلام آباد نے قبائلی ضلع باجوڑسے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ قومی ادارہ صحت نے باجوڑ کے گاؤں شیخان، یونین کونسل تلی، تحصیل سالارزئی، ضلع باجوڑ کے رہنے والے 30 ماہ کے بچے کے فضلے کے نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی۔ پولیو وائرس کی موجودگی معلوم کرنے کے لیے فضلے کا نمونہ 27 دسمبر 2018 کو لے کر قومی ادارہ صحت بھیجا گیا جہاں لیبارٹری نے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق آج کر دی جس سے 2018 قبائلی اضلاع میں پولیو کیس کی کل تعداد چاراور خیبر پختونخواہ میں پولیو کیس کی کل تعداد چھ ہو گئی۔ بچے کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے والی تاریخ سے تقریباً ایک مہینہ پہلے بچے کا خاندان بلوچستان سے باجوڑ منتقل ہوا۔ بچے کا خاندان اس غلط فہمی کی بنیاد پر کہ پولیو ویکسین مردانہ بانجھ پن کا سبب بنتی ہے پولیو ویکسین پلوانے سے بچے کو بلوچستان میں 28 مہینوں تک چھپاتا رہا۔ باجوڑ میں نومبر 2018 کی پولیو مہم کے بعد آئے اور باجوڑ ضلع میں بھی دوران سفر ہی رہے جس کی وجہ سے دسمبر 2018 کی مہم میں بھی بچہ پولیو قطروں سے محروم رہا۔ کوارڈنیٹر ای اوسی خیبرپختونخواہ کیپٹن ریٹائرڈ کامران احمد آفریدی نے کہا یہ افسوس کی بات ہے کہ والدین کی غلط فہمی کے نتیجے میں ایک اور بچہ معذور ہوا جس کو صحت مند زندگی گذارنے کا پورا حق تھا۔یہ ہم سب کے لئے یاد دہانی ہے کہ چھوٹی کوتاہی بھی ہمارے بچے کی ساری عمر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے 2018 قبائلی اضلاع میں آنے والے باقی کے مصدقہ پولیو کیس کی یاد دہانی کرائی کہ وہ بچے پولیو کیس تو ثابت ہوئے لیکن معذوری سے بچ گئے کیونکہ ان کے والدین ہر انسداد پولیو مہم میں باقاعدگی سے اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلواتے رہے۔ انہوں نے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ پولیو ویکسین محفوظ ترین ویکسین ہے اور والدین سے اپیل کی کہ ہر مہینے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو کارکنان جب آپ کے گھر دستک دیں تو اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے کی یقین دہانی ضرور کرائیں۔ کوارڈنیٹر نے کہا وائرس گردش میں ہے اور کسی بھی پولیو ویکسین سے محروم غیر محفوظ بچے کو معذور کر سکتا ہے۔باجوڑ پولیو کیس کے نتیجے میں کوآرڈنیشن یونٹ قبائلی اضلاع میں ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس میں 14جنوری بروز پیر2019 سے تحصیل سالار زئی کے یونین کونسل تلی میں انسداد پولیو مہم شروع کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔