نامورٹک ٹاکرکی شادی میں صرف5 مہمانوں کی شرکت
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اوریگن سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاک صارف کالینا میری نے اپنی دل کو ہلا دینے والی شادی کے تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے وائرل کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 9سال سے اپنے ساتھی شین کے ساتھ رہنے والی کالینا نے اپنے شادی کے دن کے لیے 75 مہمانوں کو ڈیجیٹل دعوت نامے بھیجے تھے اور 25 کو ذاتی طور پر دعوت دی تھی۔ مگر جب شادی کے دن وہ شاندار ہال میں داخل ہوئیں، تو خالی ہال ان کی راہ تک رہا تھا۔ ہال میں موجود صرف 5 لوگ ان کی خوشیوں کا حصہ بننے آئے۔
کالینا نے ٹک ٹاک ویڈیو میں لکھا، ”یہ ہمارا داخلہ ہے… 5 لوگ آئے ہیں!!! یقین نہیں آتا!“ اس ویڈیو میں دلہن اور دولہا کو ایک تقریباً خالی ہال میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں صرف چند مہمان موجود ہیں۔ انہوں نے تقریب کا بہترین آغاز کرنے کی کوشش کی، اور مہمانوں کے ساتھ اپنی پہلی ڈانس ویڈیو شیئر کی۔
کالینا نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ آخر کیوں اتنے کم لوگ آئے۔ ”یہ وہ خواب نہیں تھا جو میں نے دیکھا تھا۔“
ان کی اس کہانی اور شادی کے دن کے خالی ہال کی پوسٹ نے انٹرنیٹ صارفین میں ہمدردی کی لہر پیدا کردی ہے، اور بہت سے لوگوں نے افسوس کا اظہار کیا۔