ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد جہنم واصل،ہلاک ہونیوالوں میں انتہائی مطلوب گینگ ثنا عرف بارو بھی شامل
راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن )بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلگتار میں دہشتگردوں کی موجودگی کی حفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد اور گینگ کا سرغنہ ثنا عرف بارو بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ثنا عرف بارو ضلع کیچ میں نام نہاد مجید بریگیڈ کیلئے بھرتیاں کرتا تھا، جو خودکش بمباروں کا مرکزی ایجنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔