عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ کی تحقیقات شروع
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ پر تحقیقات شروع کردی۔
جیونیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سینیئر افسران کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کرنے کیلئے اڈیالہ جیل روانہ ہوئی۔
اس معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ عمران خان کی دھمکی آمیزپوسٹ کے معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے۔عمران خان نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹ جاری کی، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد لگایا۔
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے فوج اور عدلیہ کے اداروں کو ٹارگٹ کیا، ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی اور ان سے پوچھا جائے گا کہ اکاؤنٹ کہاں سے چل رہا ہے اور کون چلا رہا ہے؟
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔