ڈینگی مچھر کی افزائش کنٹرول کرنے کیلئے تمام محکمے مل کر کام کریں،خضر افضال

ڈینگی مچھر کی افزائش کنٹرول کرنے کیلئے تمام محکمے مل کر کام کریں،خضر افضال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ساہیوال(بیورو رپورٹ/ڈسٹر کٹ رپورٹر)  ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام محکموں کو ملکر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔  جب تک تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دیں گے ڈینگی کنٹرول کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نوٹسز جاری کرنے کے باوجود جن کباڑ خانوں اور ٹائر شاپس کے مالکان نیایس او پیز پر عمل نہیں کیا گیا ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں اور جگہوں کو سیل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات منٹگمری ہال میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں پرمختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جنرل نعمان افضل، اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا، ایس این اے ذیشان الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، میونسپل آفیسر سروسز اسد بابر خان سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے سختی سے ہدایت کی کہ جس محکمے، سکول یا کالج سے ڈینگی لاروا ملے اس محکمے کے سربراہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور ایس او پیز پر عملددرآمد نہ کرنے والے کباڑ خانوں اور ٹائر شاپس کوسیل کیا جائے اور مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ڈینگی ڈیسک پر رپورٹنگ کو بہتر کیا جائے اور گھروں کی چیکنگ نہ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے محکموں کے سیکرٹریز کو لکھا جائے گا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ساہیوال میں ڈینگی کا کوئی مریض زیر علاج نہیں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ان ڈور اور آوٹ ڈور کاروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دو تین ماہ کے دوران ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے اس لئے تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔