عابو اور فاروقی ڈکیت گینگز کے سر غنوں سمیت8 ملزمان گرفتار

عابو اور فاروقی ڈکیت گینگز کے سر غنوں سمیت8 ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار) کینٹ آپریشنز و انویسٹی گیشن پولیس نے گھروں میں گھس کر ،شاہراہ عام پر لوگوں سے اسلحہ کے زور پر نقدی، موبائل فون وغیرہ چھیننے اور رنگ روڈ پر ناکہ لگا کر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے 2گینگز کے 8ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لاکھوں کی نقدی، موٹرسائیکلیں،موبائل فونز،لیپ ٹاپ اور ناجائزاسلحہ برآمد کرلیا۔یہ بات ایس پی کینٹ آپریشنز امتیاز سرور اور ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن اسماعیل کھاڑک نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں کو پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔اس موقع پر ایس پی کینٹ امتیاز سرور نے کہاکہ ملزمان نے مختلف اوقات میں موٹر سائیکلیں ،نقدی اور موبائل فونز گن پوائنٹ پر چھینے اور سرقہ باالجبر کی وارداتیں بھی کیں۔ گرفتار شدہ گینگز میں عابد عرف عابوٹہنہ اور محمد فاروق عرف فاروقی ڈکیت گینگز شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور شہر میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان محمود نے خطرناک گینگز کو پکڑنے کا ٹاسک دیا جس پر مختلف ڈی ایس پی حضرا ت اور اہلکاروں کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔انہوں نے تھانہ ڈیفنس اے اور تھانہ مناواں کی حدود سے 2خطرناک ڈکیت ، چور اور راہزنی کی واردتوں 8ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے نقدی ایک لاکھ10ہزار،5موٹرسائیکلیں ،مختلف کمپنیوں کے8موبائل فونز،ایک لیپ ٹاپ ،6پسٹلز30بور،38گولیاں ،1بندوق 12بور، 10کارتوس،1کلہاڑی، گوشت بنانے والے دو بگدے اورایک ڈنڈا برآمد کرلیا۔ملزمان نے دوران تفتیش 13انکشافات کئے ہیں جن سے مزید 13مقدمات ٹریس ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق فاروق عرف فاروقی ڈکیت گینگ کے سرغنہ فاروق کو ساتھیوں شفیق اور امجد جبکہ عابد عرف عابو ٹہنہ ڈکیت گینگ کے سرغنہ عابد کو ساتھیوں عمردراز ،حیدرعلی ،عنصر علی اور واجد سمیت گرفتار کیا گیا ہے فاروق ڈکیت گینگ کے خلاف 4جبکہ عابد عرف عابو ٹہنہ کے خلاف 2مقدمات درج کئے گئے ۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس پی کینٹ آپریشنز و انویسٹی گیشن ، ڈی ایس پی مناواں قیصر وسیم،ڈی ایس پی ڈیفنس شیخ محمد الیاس ،ایس ایچ او تھانہ مناواں رائے ناصر عباس اور ایس ایچ او تھانہ ڈیفنس اے محمد علی بٹ کو ریڈنگ ٹیموں سمیت خطرناک ڈکیت گینگز کی گرفتاری پر شاباش دی اور نقد وسرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔

مزید :

علاقائی -