ہائیڈرو الیکٹرک یونین کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ
لاہور(خبرنگار) واپڈا ہائیڈرو ورکرز سی بی اے یونین کے زیراہتمام کمر توڑ مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف اور ملازمین کے حقوق کے لئے احتجاجی جلوس نکالا۔ مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکی۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا ہائیڈ رورکرز یونین کے زیر اہتمام واپڈا ملازمین نے ملک میں ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء کی کمر توڑ مہنگائی، صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی اوربجلی چوری روکنے کے لئے کارکنوں کو بجلی چوروں کے خلاف کام پر تحفظ دینے کے حق میں احتجاجی جلوس نکالا۔شرکاء نے قومی پرچم اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور کتبے اْٹھا رکھے تھے۔ اگر حکومت نے ہمارے جائز مطالبات پر توجہ نہ دی تو ہم اسلام آباد جاکر دھرنا دیں گے۔ جلوس میں مزدور رہنما خورشید احمد، محمد رمضان اچکزئی، حاجی محمد اقبال خان،اْسامہ طارق، حاجی محمدیونس، مظفر متین، رانا عبدالشکور، ملک ظہور،نوشیر خان،حاجی لیاقت علی، نوید عاشق ڈوگر،لیاقت گجر، جاوید اقبال شاہ،زاہد امین بھٹی اورملک بھر سے آئے یونین نمائندگان نے بھی شرکت کی۔دوسری جانب چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد امین نے واپڈا ہائیڈرو یونین کے نمائندگان سے ملاقات جس میں انہوں نے تمام یونین نمائندگان کی پاور سیکٹر کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔جس پر جنرل سیکرٹری آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین خورشید احمد خان نے لیسکو چیف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لیسکو کو بطور ایک صارف دوست کمپنی ترقی کی مزید منزلوں پر پہنچائیں گے۔