ٹک ٹاک بناتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کی بندوق سے نکلی گولی ایک شخص کی جان لے گئی، وہ نوجوان کون تھا؟ افسوسناک خبر
لاہور (ویب ڈیسک) سندر کے علاقے میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ نے اپنے ساتھی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، لاہور کے علاقے سندر میں ایک نجی دفتر کے سیکیورٹی گارڈ نے دوسرے گارڈ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، دونوں ٹک ٹاک کی ویڈیو بنارہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ قتل ہونے والا 25 سالہ حسین احمد سندر سٹیٹ میں سیکیورٹی گارڈ تھا، اور یہیں پر اسامہ نامی نوجوان بھی سیکیورٹی ڈیوٹی کرتا تھا، دونوں مل کر ٹک ٹاک بنا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ دونوں سیکیورٹی گارڈز ٹک ٹاک کی ویڈیو بنارہے تھے، اسامہ نے پسٹل حسین کے سر کے پچھلے حصہ پر گردن کے قریب رکھا تھا، کہ گولی چل گئی اور حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے قتل ہونے والے گارڈ کی لاش پوسٹمارم کے لئے جمع کروا دی ہے، جب کہ اسامہ کو اسلحے سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔