”آج میڈیا نے ہمیں احساس دلایا ہے کہ بلوچستان والوں کا خدا ۔۔۔ “ مستونگ دھماکے کے بعد سرفراز بگٹی نے ایسی تصویر شیئر کردی کہ پاکستانی میڈیا شرم سے پانی پانی ہوجائے گا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شکوہ کیا ہے کہ میڈیا نے مستونگ میں 100 سے زائد شہدا پر ایک مجرم کی کوریج کو ترجیح دی اور یہ احساس دلایا ہے کہ بلوچستان والوں کا خدا کوئی اور ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے ٹوئٹر پر متعدد ٹی وی سکرینز کی ایک تصویر شیئر کی جس میں تمام بڑے چینلز نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی اور گرفتاری پر بحث کر رہے ہیں لیکن کسی سکرین پر مستونگ دھماکے کے حوالے سے ٹکر تک نظر نہیں آرہا۔ سابق وزیر داخلہ بلوچستان نے لکھا ’ مستونگ دھماکے میں 100 سے زائد معصوم لوگ شہید ہوگئے لیکن ایک مجرم کی کوریج زیادہ ضروری ہے، یہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ ہمارے قومی میڈیا کی نظر میں بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں ہے‘ ۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکھا ’ آج مین سٹریم میڈیا نے ہمیں احساس دلایا ہے کہ ہمارا خدا کوئی اور ہے، یہ صرف نوجوان تھے جنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کا دکھ اور افسوس بانٹا، ہم پاکستانی ہیں اور حالات جیسے بھی ہوں اپنے بچوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد‘۔
مستونگ دھماکے کے بعد سینئر صحافی حامد میر نے ٹوئٹر پر مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں ہونے والی شہادتوں کے بعد تمام ٹی وی چینلز کو کم از کم 24 گھنٹے کیلئے تو اپنے لوگوز سیاہ کرنے چاہئیں۔
حامد میر کے اس ٹویٹ کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا ’ 24 گھنٹوں کا سوگ کم ہے اور اب تو ویسے ہی بہت دیر ہوچکی ہے‘۔