زیر زمین پانی بچانے کیلئے ، دریائی پانی کو پینے کے قابل بنانے کا منصوبہ

زیر زمین پانی بچانے کیلئے ، دریائی پانی کو پینے کے قابل بنانے کا منصوبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال )واسا کے مینجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) سید زاہد عزیز نے کہا ہے کہ لاہور کا زیر زمین پانی آئندہ نسلوں کی امانت ہے یہ دنیا کا نمبر ون میٹھا اور صحت مند پانی ہے اس کو محفوظ بنانے کے لئے انقلابی اور جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت دریائی اور نہری پانی کو ٹریٹ کرکے پینے کے قابل بنانے کا منصوبہ متعارف کروایا جارہا ہے جس کے لئے سائفین کے مقام پر سے پانی حاصل کرکے پانی کو ٹریٹ کیا جائے گا اور راوی میں اس کے لئے واٹر ٹریمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے دوسری طرف پانی کی کمی کا شور ختم کرنے کے لئے پورے لاہور میں واٹر میٹر لگائے جارہے ہیں اس منصوبے کے تحت اے ڈی پی میں بجٹ مختص کیا گیا ہے اور آئندہ اڑھائی سال میں لاہور میں چھ لاکھ بیس ہزار میٹر لگائے جائیں گے ،زاہد عزیز نے کہا کہ کام چوروں کے لئے واسا میں اب کوئی جگہ نہیں ہے واسا فیصل آباد کو ایک ماڈل ادار ہ بنایا اس کی طرز پر واسا لاہور کو بھی ملک کا ایک ماڈل بنائیں گے وہ گزشتہ ورز ڈی ایم ڈی آپریشن کشمیری اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر امتیاز خان غوری کے ہمراہ ’’روز نامہ پاکستان‘‘ کے مقبول عام سلسلے گیسٹ آن لائن میں اظہار خیال کررہے تھے ۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ راوی کے مقام پر سرفیس واٹر ٹریمنٹ پلانٹ لگایا گیا ہے جبکہ ویسٹ شدہ پانی کو بھی ٹریٹ کرکے پینے کے قابل بنایا جائے گا پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے ہم ہر گھر میں میٹر لگانے جارہے ہیں کیونکہ گھروں میں میٹر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پانی ضائع کرتے ہیں جب گھروں کی ٹونٹیاں بند ہوں گی تو پانی کی کمی خود بخود ہی پوری ہو جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ گیسٹرو بیماری کی وجہ پینے کا پانی نہیں بلکہ ریڑھیو ں پر فروخت ہونے والے گول گپے‘ رنگ برنگے مشروبات اور مختلف قسم کی کھانے پینے کی اشیاء ہے پینے کے پانی کی وجہ سے پانچ فیصد تک گیسٹرو کے چانس ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ بزنس کانفرنس میں ترکی کی تین کمپنیوں نے پاکستان میں واسا کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے ۔سوالات کے جواب دیتے ہوئے ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کہا کہ 30سال پہلے زیر زمین پانی 55فٹ تھا جو کہ اب 160فٹ تک پہنچ چکا ہے نہری اور دریائی پانی کو قابل استعمال بنا کر سسٹم میں لائیں گے اس ضمن میں البیراک ،میٹیٹو اور کلیان سے معاہدے طے پا گئے ہیں فیصل آباد میں ٹریٹمنٹ پلانٹ سے ڈیڑھ کروڑ گیلن نہری پانی کو ٹریٹ کر کے پلایا جا رہا ہے ،شاہدرہ ،تاجپورہ اور جوہر ٹاؤن میں پلانٹ لگائے جائیں گے جس کے ذریعے پانی کو قابل استعمال بنا کر عوام کو فراہم کیا جائے گا ہمارا مقصد پانی کو محفوظ کر کے آئندہ نسلوں تک ارزاں فراہمی ہے لاہور میں 80گیلن پانی فی گھر ہر روز فراہم کیا جائے گا ہر گھر میں میٹر لگے گا اس وقت صرف چالیس ہزار گھروں میں میٹر لگے ہیں۔انہوں نے کہا 700ملین گیلن پانی سڑکوں کے نیچے سے پائپوں کے ذریعے سے گزر رہا ہے پانی ہمیشہ اوپر والی سطح سے نیچے کی طرف جاتا ہے ۔ایم ڈی نے بتایا کہ مون سون میں پانی کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ڈرینز کی صفائی کی جا رہی ہے اس ضمن میں 13بڑے اور 9چھوٹے ڈسپوزیبل لگائے ہیں تا کہ مون سون میں نشیبی علاقوں میں پانی کے کھڑے ہونے سے روکا جا سکے مون سون میں ممکنہ طور پر پانی کو کھڑا ہونے سے روکنے کے لئے 35ایمر جنسی کیمپس لگائے گئے ہیں جبکہ واسا کا عملہ 24گھنٹہ حاضر رہے گا پانی کی چوری کو روکنا اولین مقصد ہے پبلک اکاونٹس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ واسا کے نادہندگان اداروں کے بجٹ میں سے پیسے کاٹ کر واسا کو ادائیگی کی جائے گی۔زاہد عزیز نے بارش کا بروقت پانی نکلنا بھی واسا کی کامیابی کی بہت بڑی دلیل ہے مون سون ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے واسا میں پندرہ ستمبر تک ایمرجنسی نافذ رہے گی میں نے بڑے سائز کے جوتے خریدلئے ہیں میں جب خود فیلڈ میں ہوں گا تو تمام افسر اور ملازمین بھی کام کریں گے اس کے لئے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور حساب کتاب شروع ہو گیا ہے آغاز میں ایکیسن کو معطل کردیا گیا ہے آئندہ بھی جانچ پڑتال کارکردگی کی بنیاد پر ہو گی ۔