حکومت کو ملکی صورتحال کا ذرہ بھر بھی ادراک نہیں، شازیہ مری

حکومت کو ملکی صورتحال کا ذرہ بھر بھی ادراک نہیں، شازیہ مری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ دیکھ کر صاف نظر آرہا ہے کہ حکومت کو ملکی صورتحال کا ذرہ بھر بھی ادراک نہیں ہے اور نہ ہی ملک میں جاری بحرانوں اور عوام کو درپیش مسائل کا کوئی احساس ہے۔ وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ بجٹ میں نہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا، نہ پنشن میں کوئی اضافہ ہوا اور نہ ہی مزدوروں کی اجرت میں کوئی اضافہ ہوا۔ مہنگائی کی شرح دیکھتے ہوئے ضروری تھا کہ حکومت تنخواہوں، پنشن اور اجرت میں اضافہ کرتی۔ شازیہ مری نے کہا کہ اسٹیل ملز کے 9500 ملازمین کو بیروزگار کرکے ان کے خاندانوں کا معاشی مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آج تک ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ برسر روزگار لوگوں کو بھی روزگار سے محروم کیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت سمیت حکومت نے بجٹ میں کسی طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قائد آصف علی زرداری نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ ٹڈی دَل پر قابو پانے کے لئے کام کیا جائے مگر حکومت نے آنکھیں اور کان بند رکھے۔

شازیہ مری

مزید :

صفحہ آخر -