پاکستان نے بجٹ میں آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے :موڈیز
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )بین الااقومی ریٹنگ ایجنسی (موڈیز) نے کہا ہے کہ پاکستان کا بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام کیلئے مذاکرات میں مددگار ثابت ہوگا۔
موڈیز نے پاکستان کے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا آدھے سے زیادہ ریونیو سود کی ادائیگی پر خرچ ہوگا، مہنگائی کی وجہ سے سماجی تناو دوبارہ پیدا ہو سکتا ہے۔موڈیز کے مطابق مہنگائی کا اصلاحات کے پروگرام پر اثر ہو سکتا ہے، پاکستان نے شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد رکھ کر آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ریٹنگ ایجنسی کا کہنا تھاکہ مالی استحکام کے لئے ٹیکسوں میں اضافے اور شرح نمو پر انحصار کیا گیا ہے، اصلاحات پر قائم رہنا بجٹ اہداف کے حصول کیلئے اہم ہو گا جبکہ حکومت کے پاس مضبوط الیکٹورل مینڈیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اصلاحات پر عمل مشکل ہو سکتا ہے۔موڈیز کے مطابق ریونیو میں 40 فیصد اضافہ ٹیکسوں میں اضافے کی وجہ سے ہے، توانائی کے شعبے میں 1.4 ٹریلین روپے سبسڈی ظاہر کرتی ہے کہ اس شعبے میں اصلاحات محدود ہیں۔