نقل کے رجحان کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،ملاکنڈ بورڈ چیئرمین

نقل کے رجحان کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،ملاکنڈ بورڈ چیئرمین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکدرہ(تحصیل رپورٹر)ملاکنڈ تعلیمی بورڈ چکدرہ کے چیئرمین پروفیسرزمین گل اور سیکرٹری ڈاکٹر سعید احمد ثانی نے کہاہے کہ آج سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات پرامن ماحول مین منعقد کرانے کے لئے مؤثراقدامات اٹھائے گئے ہیں، طلبہ کے لئے سٹیشنری اور امتحانی پرچے ان کے متعلقہ بنکوں اور امتحانی ہالز پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، بورڈ کے زیرانتظام امتحانات میں ایک لاکھ 25ہزار کے قریب طلبہ حصہ لیں گے جن میں پرائیویٹ امیدوار بھی شامل ہیں،گزشتہ روز میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ350 مردانہ اور117زنانہ امتحانی سنٹرزپر مشتمل مجموعی طور پر 467 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں، امتحانات کے دوران انسدادنقل کی غرض سے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، امتحانی ہالز میں طلبہ اور امتحانی عملہ پر موبائل فون ساتھ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،چیئرمین اور سیکرٹری بورڈ نے مزید کہاکہ امتحانی سنٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ چیک اینڈ بیلنس کے لئے خصوصی انسپکشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، انہوں نے بتایاکہ بورڈ کی جانب سے امتحانی عملہ کے لئے ٹریننگ ورکشاپس بھی منعقد کرائے گئے تھے، انہوں نے کہاکہ نقل کی روک تھام تعلیمی بورڈ کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے تاہم والدین  اور اساتذہ سمیت پورے معاشرے کو اس لعنت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، چیرمین بورڈ نے کہاکہ امتحانات سے متعلق بورڈ ہٰذا میں مختلف سیلز قائم کرلئے گئے ہیں اور دوران امتحانات  شکایات کی صورت میں متعلقہ سیلز کے ساتھ رابطہ کیاجاسکتاہے۔