گورنر فیصل کنڈی نے علی امین گنڈاپور کو کھانے کی دعوت دیدی
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں، عوامی گورنر ہوں، ہر سیاسی جماعت کے رہنما کے پاس خود چل کر جاو¿ں گا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمیں اپنا مقدمہ اپنے فورم پر لڑنا چاہئے، میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں، میں سب کو عزت دیتا ہوں۔گورنر کے پی کے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن خیبرپختونخوا میں تو مینڈیٹ سنی اتحاد کونسل کو ملا ہے، اس لئے سنی اتحاد کونسل مولانا کے تحفظات دور کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملنا ہو گا، آپ لفظی جنگ کا خواب پورا کریں لیکن وہاں کے عوام کو ڈیلیور کریں ۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے جس سے اچھائی کریں اس کے شر سے بچیں لیکن ہم اپنے مہمان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے، گالم گلوچ کی سیاست کا ابھی وقت نہیں، ابھی عوام کی خدمت کا وقت ہے، ہمیں ان کی خدمت کرنی ہے۔