حکومت کا پی ٹی آئی کی کال واپس لینے کیلئے شرط ماننے سے صاف انکار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈی چوک اسلام آباد پر 15 اکتوبر کا احتجاج موخر کرنے کے لئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پارٹی رہنماوں سے ملاقات کرانے کی شرط رکھ دی۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارٹی رہنماوں کی عمران خان سے ملاقات کرا دے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔
حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر طلال چودھری کہتے ہیں کہ ملاقات تو بہانہ ہے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس نشانہ ہے، نہ حکومت کو ملاقات کرانےکی ضرورت ہے نہ کسی عدالت کی ہدایت ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے فکرمند تحریک انصاف نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور حامد رضا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔