وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوشی ہے،چینی وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چینی وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستان آمد پر اپنے بیان میں کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوشی ہے،جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمد یدکہا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق چینی وزیراعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی گہری برادرانہ دوستی اور مہمان نوازی نے متاثر کیا،چینی حکومت، عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت، عوام کیلئے نیک تمنائیں، مبارکباد۔ان کاکہناتھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23ویں میٹنگ میں شرکت کرنے پر خوشی ہے،پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے۔
چینی وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چینی کا ہر موسم کا سٹرٹیجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے،چین پاکستان تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں،انہوں نے کہاکہ جون میں صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہبازشریف سے چین میں ملاقات کی تھی،چین جامع، اعلیٰ معیار کی ترقی کے ذریعے جدت کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے،دونوں رہنماؤں نے تعاون مزید مضبوط کرنے کیلئے سٹرٹیجک رہنمائی فراہم کی،چینی وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کیلئےپرعزم ہے،اس دورے کے ذریعے میں دونوں ممالک میں وسیع، گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں،73سال میں دونوں ممالک نے مستقل اعتماد قائم رکھا اور ایک دوسرے کی حمایت کی،پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں۔