آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج قومی اسمبلی میں پیش نہ کیے جانے کا امکان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کورٹ کے ججز کی مدت ملازمت کے حوالے سے آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج قومی اسمبلی میں پیش نہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان تھا اور اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی تصدیق کی تھی۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل بروز اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ارکان اسمبلی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج پیش نہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز آج فرانس سے وطن واپس پہنچ جائیں گے جبکہ مولانا عبدالغفورحیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
اعلیٰ حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اہم آئینی ترامیم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نے( ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 7 بجے طلب کر لیا ہے۔