سابق بوائے فرینڈ کو دن میں ہزار بارکال کرنے والی کو قید کی سزا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ میں پیش آیا ایک عجیب و غریب واقعہ جہاں ایک خاتون نرس نے ڈاکٹر کے پیچھے پڑ گئی جس پر ڈاکٹر تنگ آکر عدالت جاپہنچا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انگلینڈ کے ایک ہسپتال میں کام کرنے والی 30 سالہ صوفی کول وِل نامی نرس 54 سالہ ڈینٹسٹ ڈاکٹر ڈیوڈ کے عشق میں مبتلا ہوگئی اور جب اس محبت کا انجام بریک اپ پر ہوا تو صوفی نے اپنی جنونی محبت کے آگے ڈاکٹر ڈیوڈ کا جینا دوبھر کردیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اہلیہ کے انتقال کے بعد ڈیوڈ نے ہسپتال میں کام کرنے والی نرس صوفی سے دوستی کرلی تھی، شروع میں صوفی جہاں ڈیوڈ کے لیے ایک تازہ ہوا کا جھونکا تھی وہیں بعد میں ڈاکٹر کیلئے مصیبت بن گئی اور پھر ڈیوڈ نے صوفی سے تنگ آکر عدالت جانے کافیصلہ کیا۔
عدالت میں دیے گئے بیان میں ڈاکٹر ڈیوڈ نے بتایا کہ بریک اپ کے بعد صوفی نے اسے ایک دن میں ایک ہزار کالز کیں حتیٰ کہ اس کی کار میں ٹریکنگ ڈیوائس بھی رکھ دی۔ڈیوڈ کے مطابق نرس اس کے بیڈروم تک رسائی کیلئے ان کے عالیشان گھر میں گھس گئی اور بیڈروم میں چھپ کر ڈاکٹر ڈیوڈ کا انتظار کرنے لگی ، جب ڈاکٹر کو اپنے بیڈروم میں کسی کی موجودگی کا احساس ہوا تو صوفی کمرے کی کھڑکی سے بھاگ نکلی۔
بعد ازاں ایک موقع پر صوفی نے ڈاکٹر سے اس کا موبائل بھی چھیننے کی کوشش کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد صوفی کو 20 ہفتے قید کی سزا سنادی اور ساتھ ہی 5 سال تک ڈیوڈ سے ملنے، ان کے گھر یا ہسپتال کے قریب بھی نہ جانے کی پابندی عائد کردی۔