لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دے دی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو با آسانی 65 رنز سے شکست دے دی۔
یہ مقابلہ کراچی میں کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قلندرز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 76 رنز بنائے، جبکہ ڈیرل مچل نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سیم بلنگز نے 19، محمد نعیم نے 7 اور عبداللہ شفیق نے 6 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے صرف 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 20ویں اوور میں 136 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اننگز کے دوران صرف خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 39 رنز اسکور کیے۔ حسن علی نے 27 رنز بنائے، جبکہ ٹم سیفرٹ اور شان مسعود نے بالترتیب 18،18 رنز جوڑے۔
کپتان ڈیوڈ وارنر ایک بار پھر ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ جیمز ونس اور عرفات منہاس بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور رشاد حسین نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سکندر رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔یہ جیت لاہور قلندرز کے لیے ٹورنامنٹ میں اہم ثابت ہوئی، جبکہ کراچی کنگز کو ایک اور مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔