وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی چیئرمین ہلال احمر کے ساتھ ملاقات

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی چیئرمین ہلال احمر کے ساتھ ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)چیئرمین ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی اور ایڈوائزرہلال احمرو ایگز یکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) شوکت ورک سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صحت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہلال احمر ڈاکٹر رضوان نصیر بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے بتایا کہ گلگت میں کنسلٹنٹ، ماہر امراض اور سرجن ضلع کی سطح پر قائم ہسپتالوں میں ڈیوٹی کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ جس کی وجہ سے ماہر ڈاکٹروں کا فقدان ہے۔ اس موقع پر ایڈوائزرہلال احمر و ایگز یکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) شوکت ورک نے کہا کہ حکومت کی طرف سے گلگت میں اراضی فراہم کرنے پر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) 200بیڈز پر مشتمل ہسپتال بنائے گا ۔

جہاں غریب عوام کو ماہر ڈاکٹروں اور سرجن کی زیر نگرانی علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) ماہر امراض اور سرجن کی کمی پوری کرنے میں بھرپور تعاون کریگا۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور یہاں ایسے ماہر ڈاکٹروں کو لایا جائے گا جو دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہمارا مشن ہے اور اس کیلئے ہم ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔