حدیبیہ پیپر ریفرنس ،نیب نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیب نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس بحالی سے متعلق سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کردی، نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ کے 15 دسمبر کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ فیصلے کے پیرا 6،23،27 اور 32پرنظرثانی کی جائے اورفریقین کونوٹسزجاری کئے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 20اپریل 2017کوسپریم کورٹ کے 2ججزنے نوازشریف کونااہل قراردیااور3ججز نے معاملے پرمشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی،جے آئی ٹی نے 10جولائی کورپورٹ عدالت میں پیش کی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20جولائی کوحدیبیہ کیس میں نظرثانی درخواست دائرکرنے کافیصلہ ہوا،21جولائی کونظرثانی درخواست دائرکرنے کی عدالت کویقین دہانی کرائی،سپریم کورٹ نے 3روزسماعت کے بعدمختصرفیصلے سے اپیل خارج کی۔
نیب اپیل میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے میں نقائص ہیں،اعلیٰ عدلیہ سے استدعا کی جاتی ہے کہ حدیبیہ اپیل کے فیصلے پرنظرثانی کی جائے اورنیب کی لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کی جائے۔