اخبارات کو وفاق اور پنجاب کے اشتہارات کی تقسیم غیر منصفانہ،اے پی این ایس

    اخبارات کو وفاق اور پنجاب کے اشتہارات کی تقسیم غیر منصفانہ،اے پی این ایس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی پنجاب کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے مسترد شدہ سنٹر لائیز پالیسی پر دوبارہ عمل درآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت پی آئی ڈی کے علاقائی مراکز سے اشتہارات کے اجراء کے اختیارات اسلام آباد منتقل کر دیے گئے ہیں اشتہارات جاری کرنے والے محکموں سے بھی میڈیا سلیکشن کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں جس کے باعث میڈیم اور ریجنل اخبارات بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ پنجاب کمیٹی کے چیئرمین خوشنود علی خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ جمہوری طور پر منتخب حکومت اشتہارات کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں آزاد اور معروضی آواز کو دبایا جاسکے۔ کمیٹی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اخبارات کو وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے اشتہارات کی تقسیم یکسر غیر منصفانہ ہے۔میڈیم اور ریجنل اخبارات کو اشتہارات سے عموعی طور پر محروم کردیا گیا ہے۔ خصوصاً پنجاب میں اشتہارات کی تقسیم کرتے وقت اے پی این ایس کے رکن اخبارات کو نظر انداز کیا جارہاہے کمیٹی نے پنجاب حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں اشتہارات کی تقسیم کو منصفانہ بنایا جائے۔ پنجاب کمیٹی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ نئی سنٹر لائیز پالیسی کے تحت نان اے پی این ایس اخبارات کو اہمیت دی جارہی ہے اور بعض ڈمی اخبارات کو بے دریغ اشتہارات جاری کیے جارہے ہیں۔ جس کی وجہ سے اے پی این ایس کے رکن اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں کمیٹی نے تجویز کیا کہ اے پی این ایس کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد وزیر اطلاعات،سیکرٹری انفارمیشن اور پی آئی او سے جلد از جلد ملاقات کرے اور انہیں اس صورت حال کی سنگینی سے آگاہ کرے۔ وفد میں سیکرٹری جنرل اے پی این ایس،چاروں صوبوں کے کنوینئرز اور ریجنل کمیٹی کے چیئرمین شامل ہوں کمیٹی نے تجویز کیا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے عدم تعاون کی صورت میں احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔اجلاس میں سید منیر جیلانی (روزنامہ پیغام)، محمد اویس خوشنود (روزنامہ صحافت)، نوید چوہدری (روزنامہ سٹی 42)، عرفان اطہر قاضی(روزنامہ تجارت)، محسن ممتاز (روزنامہ آفتاب)، شاہد محمود (روزنامہ تجارتی رہبر)، ہمایوں طارق (روزنامہ بزنس رپورٹ)، بلال محمود (روزنامہ نوائے وقت)، احمد علی بلوچ (روزنامہ کائنات)، ہمایوں گلزار (روزنامہ سیادت)، سید سجاد بخاری (روزنامہ ابتک)،صفدر علی خان (روزنامہ سرزمین)، راؤامجد اقبال (روزنامہ ہر لمحہ)،احمد اویس عارف (روزنامہ اباسین) اور مجیر الشریف (روزنامہ واقف)نے شرکت کی۔
اے

مزید :

صفحہ آخر -