پیپلز پارٹی نے پنجاب میں خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے :جہانگیر ترین

پیپلز پارٹی نے پنجاب میں خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے :جہانگیر ترین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اصولوں کی سیاست کرتی ہے ۔ عمران خان نے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور ٹیکس کے نظام کی اصلاح پی ٹی آئی کی اولین ترجیحات ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی نے مفاہمت کے نام پر بندربانٹ مچا رکھی ہے ۔ سندھ کا بلدیاتی نظام فراڈ ہے جبکہ کے پی کے میں ملک کا بہترین بلدیاتی نظام ہے ۔ پاناما لیکس کے حوالے سے جے آئی ٹی ایک غیر متنازع تحقیقاتی کمیٹی ہے ، جسے سپریم کورٹ کی سرپرستی حاصل ہے ۔ جے آئی ٹی پر ہمیں مکمل اعتماد ہے امید ہے کہ وہ غیر جانبدارنہ تحقیقات کے ذریعہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی دوپہر مسلم لیگ (فنکشنل) کے سینئر رہنما سردار عبدالرحیم کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار عبدالرحیم نے پی ایس ۔ 114 کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار نجیب ہارون کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (فنکشنل) کے قائد پیر پگارا نے مجھے ہدایت کی تھی کہ میں پی ٹی آئی کے امیدوار نجیب ہارون کی حمایت کروں اور ضمنی الیکشن میں ان کو کامیاب کرانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کروں ۔ جہانگیر ترین نے سردار عبدالرحیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حلقے سے کئی بار الیکشن لڑ چکے ہیں ۔ امید ہے کہ وہ اپنا اثرو رسوخ استعمال کرکے پی ٹی آئی کے امیدوار کو کامیاب بنائیں گے ۔ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی ، خرم شیر زمان ، حلیم عادل شیخ ، سردار عبدالعزیز اور پی ایس ۔114 کے پی ٹی آئی کے امیدوار نجیب ہارون و دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار عبدالرحیم نے کہاکہ مسلم لیگ (فنکشنل) اور پیرپگارا سندھ کی سیاست میں اپنا موثر کردار ادا کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہاکہ دوسری جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے لوگ پی ٹی آئی کے نظریہ اور پالیسی سے متاثر ہو کر شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔ عمران خان کی جو پالیسی ہے ، اس پر ہم عمل پیرا ہیں اور پاکستان میں تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور تیزی سے تبدیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ جہانگیر ترین کے پی ایس ۔114 کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدوار نجیب ہارون کی حمایت کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنائیں ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو بہتر بنائیں گے اور جب کروڑوں لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی ۔