معیشت کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات قابل ستائش ہیں‘کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

معیشت کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات قابل ستائش ہیں‘کاٹن پاور لومز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 فیصل آباد (بیورورپورٹ) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن نے نئے مالی سال2015-16ء کے بجٹ میں معیشت کی مستقل بنیادوں پر بحالی یقینی بنانے اور بجٹ میں بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو اہمیت دینے کا مطالبہ کیاہے ۔ میڈیاسے بات چیت کے دوران ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرقیادت معیشت کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات قابل ستائش ہیں تاہم برآمد کنندگان کے ریفنڈ کلیمز کو بینکوں کے ساتھ منسلک کرکے صنعتی و تجارتی شعبہ کی مشکلات کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس سے متعلقہ تمام تر قانون سازی ایف بی آر کی بجائے اسمبلی کے ذریعے عمل میں لائی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس کی مد میں وصولیوں کو بڑھانے کیلئے ٹیکس کے نظام میں بہتری کی اشد ضرورت ہے ، موجودہ بزنس فرینڈلی حکومت کو چاہیے کہ بیورو کریسی کی بجائے عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قابل عمل اور کاروبار دوست بجٹ پیش کرے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور صنعتی ترقی سے معاشی انقلاب لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالے اور انہیں ہراساں کئے بغیر ٹیکس نیٹ اور وصولیوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں سب سے کم ہے اس لئے ہمیں ٹیکس ریونیو کو بڑھا کر معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنا چاہیے۔

مزید :

کامرس -