دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کے خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی،آئی جی کے پی پولیس

پشاور(آئی این پی ) آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اور بنوں خودکش حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی ہے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار حمید نے کہا کہ نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اور بنوں دھماکوں کی تحقیقات جاری ہیں، دونوں دھماکوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کرلی ہیں جب کہ خودکش حملہ آوروں کی اعضا سے شناخت کرلی گئی ہے۔
آئی جی کے پی نے بتایا کہ بنوں واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ٹریکنگ بھی کرلی ہے، واقعہ میں غیر ملکی اسلحہ بھی استعمال کیا گیا ہے، اسلحہ کی ٹریکنگ کررہے ہیں کہ کس ملک سے اورکیسے آیا؟ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرم میں حالات خراب کرنے والے 100 سے زیادہ ملزمان گرفتارہوئے، کرم واقعات میں اب دہشتگردی کا عنصر بھی شروع ہوا ہے، کرم کیلئے الگ حکمت عملی بنالی ہے، امید ہے اب کوئی واقعہ نہیں ہوگا۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے میں کرم میں پائیدار امن قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے، سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے، چند ماہ میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل لیا جائے گا۔