خواجہ سراءکو تعلق ختم کرنا مہنگا پڑ گیا ،دن دیہاڑے اغواء، ڈیرے پر لیجا کر کیا سلوک کیا گیا ؟ جانیے
حجرہ شاہ مقیم ( ڈیلی پاکستان آن لائن )خواجہ سراءپر تشدد کا ایک اور دل خراش واقعہ سامنے آگیا ہے، جہاں دوستی ختم کرنے پر خواجہ سرا بارش علی عرف انجلی کو دن دیہاڑے اغواءکر کے ڈیرے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ خواجہ سراء کمیونٹی نے ملزمان کو سخت ترین سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
’’آئی این پی‘‘ کے مطابق ایف آئی آر کے مطابق انجلی فنکشن کے لیے حویلی لکھا ں جا رہی تھی کہ راستے میں ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اسے گاڑی سے اتار کر اغواءکرلیا اور بصیرپور کے ایک ڈیرے پر لے گئے، جہاں نئی دوستی کرنے کی پاداش میں اسے جلتی سگریٹ سے داغ کر جسم کے مختلف حصوں پر شدید تشدد کیا گیا۔ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران مغوی خواجہ سرا ءکو بازیاب کرایا اور تینوں ملزمان فیاض، اویس اور ناظم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان نے نہ صرف تشدد بلکہ نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات چھیننے کا بھی اعتراف کیا۔
واقعے کے بعد علاقے کی خواجہ سراء کمیونٹی سراپا احتجاج ہے اور مطالبہ کر رہی ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا کر انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس کے مطابق کیس میں قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری ہے۔
