عمران خان نے سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک ضمنی انتخابات کرواکرخود کو روایت شکن ثابت کردیا : فیاض الحسن چوہان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرا طلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک ضمنی انتخابات کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک ضمنی انتخابات کرواکراپنے آپ کو روایت شکن ثابت کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 40 روزہ انتخابی مہم میں انتظامیہ، پولیس، بیت المال ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جسیے کسی ادارے کو استعمال نہیں کیا گیا ۔ ضمنی انتخابات کو غیرجانبدار اور آزاد رکھنے کیلئے کسی وفاقی یا صوبائی وزیریا مشیر نے کسی انتخابی جلسے سے خطاب نہیں کیا۔ ماضی میں ترقیاتی فنڈز، انتظامیہ ، پولیس اور پٹواری تک کو حکومتی امیدوار جتوانے کیلئے جھونک دیا جاتا تھا۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے دھاندلی کے ماسٹر مائنڈ بھی ضمنی انتخابات کو شفاف قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔قومی اسمبلی کی 11 سیٹوں میں سے 6 پر تحریک انصاف اور اتحادیوں کی کامیابی عوام کے عمران خان پر اعتماد کی غماض ہے۔