سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتری کی طرف جا رہا ہے: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے دانش سکولز کے اساتذہ کی 6 روزہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول مسلم لیگ( ن) کا فلیگ شپ پراجیکٹ اور ذہین بچوں کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کا بہترین تحفہ ہے۔ دانش سکول پراجیکٹ کے ناقدین یہاں کے اساتذہ کے نتائج کا دیگر سکولوں سے موازنہ کر لیں۔ دانش سکولز کے اساتذہ کی محنت اور قابلیت کی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ یہاں کے نتائج بھی شاندار ہیں اور اساتذہ کی کارکردگی بھی بے مثال ہے۔سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتری کی طرف جا رہا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ طلباء کو اخلاقیات اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے میں اساتذہ کا اہم کردار ہونا چاہیے۔ اگر اساتذہ کے اپنے اندر احساس ذمہ داری نہیں ہوگی تو ان کے اس شعبہ سے منسلک ہونے کا بھی کوئی فائدہ نہیں۔ طلباء کو تعلیم کیساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے بھی روشناس کرنا ضروری ہے۔ اس ضمن میں اساتذہ بچوں کو سکلز سکھانے پر توجہ دیں۔ پنجاب حکومت قابل اساتذہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں پہلی مرتبہ تمام اہم عہدوں پر قطعی میرٹ پر اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں۔ ہم تربیتی ورکشاپس کے ذریعے اساتذہ کو تعلیم کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ اساتذہ کو صحت کے شعبے میں مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پبلک سکولز پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ جلد پبلک سکولوں کے معیار تعلیم میں تبدیلی دکھائی دے گی۔