انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر مزید سستا ہو گیا ، سٹاک مارکیٹ میں کیا صورتحال ہے ؟ جانئے 

انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر مزید سستا ہو گیا ، سٹاک مارکیٹ میں ...
انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر مزید سستا ہو گیا ، سٹاک مارکیٹ میں کیا صورتحال ہے ؟ جانئے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )بڑھتی ہوئی ترسیلات زر کے اثرات اب ملکی کرنسی پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں جس کے باعث روپے کی قدر مستحکم ہوتی دکھائی دے رہی ہے جس کے بعد ڈالر پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں 62 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 163 روپے 48 پیسے سے کم ہو کر 162 روپے 86 پیسے پر آ گئی ہے ۔قدر گرنے کے بعد امریکی ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے، اگست سے اب تک 5 روپے 57 پیسے سستا ہوا ،27 اگست کو ڈالر168 روپے 43 پیسے تک پہنچ گیا تھا، ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث غیرملکی قرضوں کے دباو میں 575 ارب روپے کی کمی ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 39 پیسے سستا ہو گیا تھا اور قیمت 163 روپے 87 پیسے سے کم ہو کر 163 روپے 48 پیسے ہو گئی تھی۔


دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج صبح کاروبار کا آغازہوا تو مثبت رجحان دیکھنے میں آ تا رہا لیکن جوں جوں اختتام کا وقت قریب آتا گیا 100 انڈیکس میں کمی ہوتی چلی گئی ۔سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 40 ہزار 144 پوائنٹس پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور انڈیکس 40 ہزار 533 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ۔
یہ برتری کا سفر یونہی جاری و ساری نہ رہ سکا اور اس وقت انڈیکس 75 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 40 ہزار 68 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔

مزید :

بزنس -